باران

0 0 0
                                    

کچھ بھی اور کہنے سے پہلے میں ایک بات آپ پر واضح کردینا چاہتا۔ وہ یہ کہ میں مرد ہوں۔ ایک پتھر دل مرد۔ جذبات سے عاری۔ نرمی نہ برتنے کا قائل۔ نہایت سرکش اور بلا کا ضدی۔ غصہ کرنا میرا حق ہے اور غلطی کا اعتراف نہ کرنا اولین فرض۔ میں بے دریغ ڈانتا ہوں۔ لڑتا ہوں۔ ہاتھ اٹھاتا ہوں۔ میری دنیا میں ماسوائے میری ذات کے کسی اور کا کوئی رتبہ کوئی مقام نہیں۔ ہر وہ مخلوق جو میرے حکم کی تابع نہیں بے معنی ہے۔ میرے خیالات اور اصول کسی بھی لچک کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ میں بطور خاص اس دنیا پر حکمرانی کرنے کے لیے بھیجا گیا ہوں۔ میرے نزدیک اشرف المخلوقات میں صرف ایک ہی صیغہ شامل ہے اور وہ ہے مرد۔

میری غیرت اس بات کی اجازت تو نہیں دیتی کہ مدد مانگوں لیکن آج یہ ضروری ہوگیا ہے۔ میں آپ سے ایک مشورہ چاہتا ہوں۔ دشواری یہ ہے کہ مجھے باران پسند ہے۔ جی ہاں وہی باران جس کا کردار کابلی پلاؤ نامی ڈرامے کے لیے تشکیل دیا گیا۔ ایک ایسا مصنوعی کردار جو مرد ہونے کہ باوجود اپنے طبعیت میں نرمی اور شفقت رکھتا ہے۔ یہ شخص دوسروں کی خوشیوں میں اپنی خوشی تلاش کرتا ہے۔ اس کے دل میں محبت، ہمدردی اور خلوص ہے۔ یہ معاملہ فہم بھی ہے اور نرم مزاج بھی۔اس کے خمیر میں وہ سختی اور ضد موجود ہی نہیں جو ایک با اقتدار اور با اثر مرد میں ہونی چاہیے۔ یہ کم عقل تو اپنے سے کم تر مخلوق سے بھی بےلوث پیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آپ یقیناً میری مشکل سمجھ چُکے ہیں۔ نہ جانے کب اور کیسے یہ آدمی ٹیلی ویژن کے پردے سے نکل کر میرے اعصاب پر طاری ہوگیا۔ اور اب میں ایک دوراہے پر ہوں۔ ایک جانب میری اجارہ داری میری سلطنت ہے اور دوسری سمت باران۔ میں اس دنیا کے بنائے ہوئے سانچے سے نکل نہیں سکتا۔ بلکہ نکلنا ہی نہیں چاہتا۔ لیکن یہ ناہنجار باران مجھے اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔ ہاں مانا کہ اس کردار کے برتاؤ میں ایک مقناطیسی کشش ضرور ہے لیکن طاقت کہ نشے میں جو سرور ہے وہ ٹھنڈی مٹی کی خوشبو میں کیسے ہو سکتا ہے۔

میں تو اس سرکش مرد کے خول میں بہت محفوظ ہوں۔ میں ہرگز یہ نہیں چاہتا کہ مجھے اس دنیا کی سختیوں اور توقعات کے بوجھ تلے دبایا جائے۔ یہی میری حقیقی شخصیت ہے۔ مجھ پر تو اس کائنات کی راہبری کی ذمہ داری ہے۔ میں کمزور نہیں پڑ سکتا۔ میں ناقابلِ تسخیر تھا، ہوں، اور ہمیشہ رہوں گا۔ تو پھر یہ گھبراہٹ کیسی۔ یہ سب کچھ مجھے عجیب لگتا ہے مگر پھر بھی کہیں نہ کہیں میں اس کی جانب کھنچتا چلا جا رہا ہوں۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے کوئی پھندا میری گردن کے گرد کسا جارہا ہو۔

میری جھنجلاہٹ کی وجہ یہ بھی ہے کہ میں نے کل رات خواب میں باران کو دیکھا۔ وہ میرے سامنے کھڑا دھڑلّے سے مسکرا رہا تھا۔ اس نے کہا، کیوں نہ ہم اپنے دل کی سنیں؟ کیا واقعی مردانگی کا مطلب صرف طاقت ہے؟ کیا یہ ممکن نہیں کہ ہم محبت اور نرمی کے ساتھ بھی آگے بڑھ سکیں؟ میں نے جواب دیا، باران، تم نے کبھی وہ بوجھ نہیں اٹھایا جو میں نے اٹھایا ہے۔ تمہاری اور میری دنیا الگ ہے۔ وہ کہنے لگا کہ دنیا بدلی بھی تو جاسکتی ہے۔ وقت لگے گا لیکن ممکن تو ہے۔ میں آگے بڑھا اور اس کے سینے میں زہریلا خنجر گھونپ دیا۔ وہ تڑپ تڑپ کر مرگیا۔ لیکن اگلی رات وہ پھر وارد ہوگیا۔

اس بار باران نے گھسا پٹا ترپال پہنا ہوا تھا جیسے رال چڑھا ہوا ٹاٹ۔ میں نے اس کی غربت پر ناک چڑھائی اور اپنا  آہنی زرہ بکتر نکال لیا۔ میرے پاس تیز دھار تلوار تھی اور وہ نہتّا۔ جیت یقینی تھی۔ میں پے در پے وار کرتا رہا لیکن باران ہر بار چہرے پر مسکان سجائے ضرب سہہ لیتا۔ زخموں سے چور اس کا جسم تھا مگر نڈھال میں۔ میں ایسے شخص کو قتل کرنا چاہتا تھا جو خود اپنی قربانی دینے کو تیار تھا۔ وہ مسکراتا رہا اور میں تھکتا گیا۔ اپنی تلوار کی نوک زمین پر ٹکائے میں نے سانس بھری اور ایک بار پھر لڑنے کو تیار ہوگیا۔ سر اٹھایا تو وہ جاچکا تھا۔ لیکن مجھے یقین ہے وہ آج رات پھر آجائے گا۔ مجھ سے دو دو ہاتھ کرنے۔

اسی واسطے میں آپ سے مشورہ چاہتا ہوں کہ یہ جنگ کیسے جیتی جائے۔ کیسے میں اپنی یکتائی کو برقرار رکھوں۔اگر میں ہارا تو کیا یہ ممکن ہوگا کہ میں باران کی طرح نرم دلی اور محبت کا راستہ اختیار کرلوں؟ نہیں ہرگز نہیں۔ ایسا حادثہ ہونے سے پہلے میں اپنی جان دینے کو ترجیح دوں گا۔ مردانگی تو صرف غالب ہونے کا نام ہے۔ میں اپنے آپ سے بغاوت نہیں کرسکتا۔ جب اس دنیا اور میں نے مِل کر ایک کردار چُن لیا ہے تو اُسے نبھانا پڑے گا۔ ازل سے ابد تک۔ باران لاکھ چاہے مگر اب اس سانچے کو توڑنا ممکن نہیں۔

تو بتائیے کہ میں کیسے اس تضاد سے نجات پا سکتا ہوں؟ کوئی تو طریقہ ہو جو دل پر ہونے والی اس دستک کو نظر انداز کرنے میں مدد کرے۔ کوئی نسخہ کوئی ٹوٹکا۔ اس بیماری کا علاج کیا ہے؟ خدارا کوئی تو میری مدد کرے۔ کوئی یہ بتلا دے کہ آخر میں کیسے باران کے سحر سے چھٹکارا پاؤں؟

You've reached the end of published parts.

⏰ Last updated: Sep 25 ⏰

Add this story to your Library to get notified about new parts!

My Favourite WifeWhere stories live. Discover now