Episode 2.

704 31 2
                                    


# "محبت کچھ یوں ہے تم سے"
# از تشہ گوہر
# قسط نمبر 2

ناشتے سے فارغ ہو کر وہ نجانے کہاں چلا گیا تھا۔ دوبارہ اس کی آمد کھانے کی میز پر ہوئی۔  سارا نے چکن بریانی  بنائی تھی اور الماس نے ساتھ تھوڑی سی مدد کروا دی تھی۔ سکندر سمیت گھر میں سب کو ہی چکن بریانی پسند تھی۔ اس بار وہ الماس کے عین سامنے والی کرسی پر بیٹھا تھا۔ الماس نے کھانے کے دوران بھی اس کی نظریں خود پر محسوس کی تھیں۔ نجانے کیوں وہ اسے ہی گھورے جا رہا تھا۔ سارا نے بھی نوٹس کیا تھا اور ایک دو بار اسے آنکھوں آنکھوں میں تنبیہہ بھی کی تھی مگر وہ کہاں باز آنے والا تھا۔ الماس سے ٹھیک سے کھانا بھی نہیں کھایا گیا۔ آمنہ تو الماس کے ساتھ جڑ کر بیٹھی تھی۔ اس سے باتوں میں الماس کا دھیان کچھ بٹ گیا تھا ورنہ وہ سکندر کی نظروں سے بہت کانشیس ہو رہی تھی۔ کھانے کے بعد الماس نے برتن دھوئے اور پھر بچوں کو ہوم ورک کروانے لگ گئی۔ سارا اور سکندر لان میں چلے گئے۔

"سکندر! میں صبح سے نوٹ کر رہی ہوں تم الماس کو کیوں اس طرح سے دیکھ رہے تھے؟" سارا نے اس سے باز پرس کرنے کی کوشش کی۔

"کس طرح سے؟" اس نے انجان بننے کی ایکٹنگ کی۔

"تم اچھی طرح جانتے ہو میں کیا کہہ رہی ہوں۔ وہ ایک عام سی لڑکی ہے۔ اچھی اور معصوم۔ تم اسے مجرمانہ نگاہوں سے کیوں دیکھ رہے تھے؟"

"بھابھی ایک بات بتائیں مجھے؟" وہ رازداری سے کہتا کچھ آگے کو ہوا "یہ لڑکی آپ کو کہاں ملی؟ مجھے پکا یقین ہے ایک مہینہ پہلے تک تو آپ اس کو جانتی تک نہیں تھیں۔ اب وہ اچانک سے آپ کی سہیلی بن گئی اور آپ نے اسے رہنے کو میرا کمرہ بھی دے دیا؟ میرا کمرہ؟ مجھے دال میں بہت کچھ کالا لگ رہا ہے۔" وہ مشکوک لہجے میں کہتا پُرسوچ نگاہوں سے سارا کو دیھکنے لگا۔ سارا نے افسوس سے نفی میں سر ہلایا۔

"تم اور تمھارے اندازے۔۔۔میں مارکٹ گئی تھی۔ وہاں ایک آدمی اسے گھسیٹتے ہوئے لے جا رہا تھا۔ میں نے اس کی مدد کی تھی۔ بعد میں اس نے مجھے بتایا کہ اس کا کوئی ٹھکانا نہیں ہے تو میں اسے اپنے ساتھ لے آئی۔ ایک لڑکی پر ظلم ہو رہا تھا، میں نے اس کی مدد کی تو کیا غلط کیا؟"

"آئی ایم ناٹ کنوِنسڈ! کہانی میں جَھول ہے۔ یہ لڑکی فراڈ ہو سکتی ہے۔ آپ سے کس نے کہا کہ یہ بہت معصوم ہے؟ میری نظروں کے سامنے بڑے بڑے مجرم کانپ جاتے ہیں مگر اس لڑکی کے ہاتھ ذرا نہیں کانپے۔ میں صبح سے یہی نوٹ کر رہا ہوں اسے مجھ سے نہ گھبراہٹ ہو رہی ہے نہ ڈر لگ رہا ہے۔"

سکندر نے اپنا تجزیہ سارا کے گوش گزار کیا۔

"اس کی شادی ٹوٹ گئی تھی۔ اس دن اس نے دلہن والالباس پہنا تھا اور اسٹیشن سے بازار تک اکیلی آئی تھی۔ میں تمھیں بتا رہی ہوں سکندر وہ کوئی فراڈ نہیں ہے۔۔۔۔"

Mohabbat Kuch Yoo'n Hai Tum Se (Complete)Where stories live. Discover now