میں کھو چکی ہوں

21 1 0
                                    

"میں کھو چکی ہوں"

میرے ہونٹوں کے علاوہ کھڑکیوں , دروازوں پر بھی جالے جم رہے ہیں
تمہارے بعد میرے ساتھ ساتھ گھر میں بھی ویرانی اتر آئی ہے
میرے ہوتے ہوئے بھی گھر یوں ہوتا ہے جیسے وہاں عرصے سے کوئی نہ آیا ہو
سمجھ رہے ہو ناں ؟
میری بات ؟
میرا دکھ ؟
میری ویرانی.....

دن کے اجالے مجھے چبھنے لگے ہیں
اداس سورج مجھے افسردگی سے تکتا یوں ڈوبتا ہے
جیسے بچھڑتے وقت کسی کا دل ڈوبے

شام کا سرمئی اندھیرا التجائیں کرتا ہے
کہ دیا جلاؤ...
مگر __ میری آنکھوں سے تمہارا مٹتا عکس ..
یوں محسوس کرواتا ہے
جیسے رفتہ رفتہ بینائی چھن رہی ہو
سو اندھوں کو دیا جلانے نہ جلانے سے کیا مطلب ؟

رات کے اندھیرے وجود میں یوں سرایت کرنے لگتے ہیں
کہ دل میں سہمی روشنی کی خواہش تک بجھ جاتی ہے

میرے دامن کی شکنیں __ تمہاری جدائی کے دنوں سے بڑھ گئی ہیں
وہ زلفیں __ جنہیں تمہارا لمس ملا تھا
جنہیں تم نے سنوارا تھا
بکھر گئی ہیں
اجڑ گئی ہیں

میں جب راتوں کو ٹھنڈے فرش پہ بیٹھی _
تمہیں خود میں تلاش کرنے کی کوشش میں کھو سی جاتی ہوں
تو میری ایسی حالت سے ڈر کے میرا تکیہ
مجھے آوازیں دینے لگتا ہے
کہ لوٹ آؤ...!
مگر تمہاری آواز کے جاتے ہی میری سماعت کھو گئی تھی
اب مجھے کچھ سنائی دے کر بھی سنائی نہیں دیتا

میری شاعری کی سبھی کتابیں __ رنج میں ہیں
کہ میں نے انکو دیکھنا بھی ایک عرصے سے چھوڑ رکھا ہے
انہیں دیکھنے کا ہوش ہی نہیں رہا...!

کلینڈر اور وال کلاک مجھے نم دیدگی سے تکتے رہتے ہیں
میں نے ان کو دیکھنا چھوڑ دیا ہے
دن گننا اور وقت کا حساب رکھنا بھول چکی ہوں

میرے ہاتھ کی لکیروں میں لکھا تمہارا نام
میرا منتظر رہتا ہے
کہ پھر سے اسکو بلاوجہ تکتی رہوں
نم آنکھوں ساتھ ہنستی رہوں

مگر شاید...
شاید _ جتنا ہنسنا تھا _ ہنس چکی ہوں
جتنا رونا تھا رو چکی ہوں ...

تم کھو گئے تھے
میں کھو چکی ہوں

تعبیر 🖤

شاعری💕💕Tempat cerita menjadi hidup. Temukan sekarang